لاہور، 20 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، عمران خان تمام مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلے گا ،شریف خاندان ڈرپوک ہے جیل سے نکل کر سیدھا ائیرپورٹ پہنچے جہاں انہیں بھاگنے نہیں دیا گیا ،حدیبیہ کیس دو سے تین ہفتوں میں دائر کر دیں گے،جہانگیر ترین کا گروپ عمران خان کو ووٹ دے گا چوہدری نثار چوبیس کو حلف اٹھانے کا کا سنا ہے ،ٹی ایل پی کے معاملے پر پچیس کو کیبنٹ کو کمیٹی بن رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایف آئی اے آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے سے بریفنگ لی ہے اور اس سے میں مطمئن نہیں ہوں، اب ہر مہینے لاہور کا چکر لگایا کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر بیس سال تک ایک سیٹ پر بیٹھے لوگوں کو اب تبدیل کیا جائے گا ۔ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات ہوئی ہے انہوں نے بھی کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے لوگوں کو کوئی اعتراض ہے تو بات کرنے کو تیار ہیں کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جارہی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جہانگیر ترین سے کبھی رابطہ نہیں ہوا علی ظفر جلد اپنی رپورٹ پیش کریں گے ۔پی ڈی ایم ٹیں ٹیں فش ہو گئی ہے مجھے مولانا فضل الرحمان سے ہمدردی ہے یہ اپوزیشن وزیراعظم کو نہیں پکڑ سکتی ۔انہوں نے کہا کہ شوکت ترین میرے دوست ہیں ان کو کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ کیا جائے۔