ملتان؛مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف رضا ہال سے چوک کچہری تک ریلی کا انعقاد

24

ملتان، 21 مئی (اے پی پی): مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام رضا ہال سے چوک کچہری تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال کی سربراہی میں افسران و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن موسی خان ،ڈپٹی ڈائریکٹرز سلیم اللہ بھٹی،احمد مجتبیٰ بھی موجود تھے۔

  ریلی کے شرکاء نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نعروں پر مشتمل پینافلیکس اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ اس دوران شرکاء نے فلسطین میں یہودی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے  ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔

اس موقع پر ایم ڈی واساناصراقبال نے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر جو ظلم ڈھانے کاسلسلہ شروع کر رکھا اور کھلم کھلا دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے،  عالمی برادری خصوصاً مسلم امہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم نے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ان تاریخی لمحات کی  مثال نہیں ملتی، انشاءاللہ بہت جلد فلسطینیوں کو اسرائیل کے  جبر سے نجات ملے گی۔