حیدرآباد، 21مئی ( اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پورے ملک کی طرح مٹیاری میں اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی رہنما حاجی عبدالرزاق میمن کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جگنو سی این جی سے مٹیاری پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں پی ٹی اے کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور امت مسلمہ نے فلسطین کیلئے بھرپور آواز اٹھائی ہے، اسرائیل کو امت مسلمہ کے جواب پر مجبوراً حملے بند کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امت مسلمہ کی ایک بار پھر کپتانی کی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا اسرائیل کے خلاف ہمارے احتجاج جاری رہیں گے، 6 کروڑ سندھی بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے شہریوں کو ان کے مرضی کے مطابق زندگی بسر کرنے دی جائے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بہترین سفارتکاری پر وزیراعظم، وزیرخارجہ، حکومت پاکستان مبارکباد کی مستحق ہے، آج پورے پاکستان سے آواز جائے گی کہ ہم فلسطین ہیں اور ہم اسرائیل کے خلاف ہیں۔