اوکاڑہ،21مئی(اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی ضلع اوکاڑہ کی طرف سے فلسطین پر ہونے والے مظالم کے خلاف پریس کلب چوک میں احتجاجی ریلی کا انعقاد ہوا۔ریلی کی قیادت پی ٹی آئی ضلعی صدر سید عباس رضا رضوی ،ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری طارق ارشاد، سید گلزار سبطین ، سٹی کارپوریشن کے صدر چودھری سلیم صادق، سردار علی حیدر خان وٹو، ڈاکٹر اظہر ،سید نقی گیلانی، قاری حفیظ اللہ اوردیگر رہنماوں نے کی۔
ریلی پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی آفس سے شروع ہو کر پریس کلب چوک میں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی کے شرکا کی جانب سے فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم پر اسرائیل کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔
ریلی کے اختتام سے قبل پی ٹی آئی کی ضلعی رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے نہتے معصوم بچوں،خواتین اور فلسطینیوں پرڈھائے جانے والے مظالم دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں، اس ظلم کوختم کروانے کے لئے عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکرامریکہ اوراسرائیل کی بدمعاشی ختم کر سکتے ہیں۔