گلگت،21مئی(اے پی پی):گلگت بلتستان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے تحفظ القدس ریلیاں نکالیں گئیں ۔گلگت میں سب سے اہم ریلی پاکستان تحریک انصاف کے ممبرانِ اسمبلی اور کارکنان کی طرف سے چنار باغ سے نکالی گئی جو سینٹرل پریس کلب گلگت پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت اور ظلم کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی سے ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ،وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید منوا اور وزیر قانون سید سہیل عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مسلم خون ارزاں ہوچکا ہے، فلسطین کے باشندوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک ملکر بھی ایک اسرائیل کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف مضبوط اور مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مسلمان ممالک کے حکمران غفلت اور خاموشی کو ترک کریں ۔جن مسلمان ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیاہے وہ فی الفور دستبرداری کا اعلان کریں ۔
انہوں نے فلسطین کے اہم مسئلے پر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اصولی اور دو ٹوک مؤقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
گلگت میں جمعہ کی نماز کے بعد جماعت اسلامی ،جمیعت علماء اسلام ف اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجیتی کے لیےخصوصی ریلیاں بھی نکالیں گئی۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ یکجا ہو کر اسرائیل کو سبق سیکھائیں، اس وقت نہتے فلسطینی عوام پر ظلم ہو رہا ہے مگر مسلم ممالک کے حکمران تاحال کوئی مشترکہ اور جاندار موقف نہیں اپنا سکے جو کہ نااہلی اور نالائقی ہے ۔انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ اپنی روش بدلے اور اسرائیل کی اندھی حمایت ترک کرے ، مغربی ممالک کا کردار بھی مشکوک ہے ، اقوام متحدہ کی بھی اس معاملے میں کوئی حیثیت نظر نہیں آ رہی۔