ملتان ، 21 مئی (اے پی پی): فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل کی طرف سے جاری ظلم و بربریت کے خلاف اظہار یکجہتی کیلئے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعائیں اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے واک میں زرعی یونیورسٹی کے طلبہ ء، فیکلٹی اور سٹاف نے حصہ لیا۔واک کے موقع پر وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے اسرائیل کی جانب سے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کی کہ تمام امت مسلمہ کو متحد ہو کر فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ کوئی یہودی طاقت نہ تو ان کی عزتوں کو نقصان پہنچا سکیں اور نہ ہی جان و مال کو۔انہوں نے کہاکہ بطور مسلمان ہماری یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ فلسطین پر ظلم و ستم کی اس گھڑی میں ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم اسرائیل کی جانب سے جاری ظلم و بربریت کے خلاف بھر پور مذمت کرتے ہیں اور فلسطینوں کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت ان پر رحم فرمائیں۔