ملتان؛وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ضلع ملتان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر دیئے

51

ملتان، 22مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ضلع ملتان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں، نشتر ٹو پراجیکٹ کے لئے2ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں، نادرآباد فلائی اوور کے منصوبے کے لئے80 کروڑ روپے ریلیز کردیئے گئے ہیں جبکہ  مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے لئے 20 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور عامرڈوگر ،وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک اور سینٹر عون عباس بپی  سمیت ممبران قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

 اجلاس سے خطاب میں وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلع ملتان میں تعمیرو ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہوا ہے،  شہریوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

 وزیر اعظم کے مشیر ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ نیا بجٹ ملتان کے لئے مزید خوشخبریاں لائے گا اور  ملتان میں میگا سٹی کے ہم پلہ تمام شعبوں کی ترقی ہمارا ٹارگٹ ہے۔ سینٹر عون عباس بپی نے کہا ممبران اسمبلی اپنے ایریاز میں ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی۔ پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے کے لئے ہر ہفتے اجلاس منعقد کیا جائے۔

ممبر قومی اسمبلی ابراہیم خان ملیزئی نے کہا ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء میں تیزی لائی جائے۔ایم این اے احمد حسن ڈیہڑ  نے کہا کہ نادرآباد فلائی اوور منصوبے کی رفتار تیز کی جائے۔ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے واسا کی کارکردگی کی تعریف کی۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ نشتر ٹو منصوبہ کی تکیمل کے لئے وافر فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹر اسی ماہ موبالائزیشن شروع کر دے گا، نادر آباد پھاٹک کی لینڈ ایکویزیشن کے لئے80 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 169منصوبوں پر کام جاری ہے،ان منصوبوں پر 5ارب23 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا سوشل ایکشن پروگرام تھری کے تحت 138 منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور  سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت52 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سی ڈی پی فیز ون،ٹو اور تھری کے تحت228 منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔