پشین؛اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

29

پشین، 23مئی( اے پی پی): بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی کونسل کے ممبر حاجی حبیب الرحمان ترین  نے کی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ  اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی شرکاء نے فلسطینیوں کے حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں پر گشت کیا اور ریلی مین چوک پر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوئی۔

 احتجاجی جلسے سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی کونسل ممبر حاجی حبیب خان ترین ،سلمان خان اچکزئی ، محمدنسیم بٹے زئی، علی محمد  اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی فلسطین منانے کا مقصد یہی ہے کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستانی عوام اور حکومت یکجا سراپا احتجاج ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پوری ملت اسلامیہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور نام نہاد اسرائیلی ریاست فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتی۔ انھوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر جابر اور غاصب اسرائیل کی جانب سے گولہ باری نمازیوں ،قبلہ اول اور مساجد کی اسرائیل کی جانب سے تقدس کی پامالی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

 انہوں نے کہاکہ اسرائیل حملوں میں معصوم فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں گھر تباہ ہوئے ہیں جس سے پاکستانی قوم بھی بے حد تکلیف محسوس کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم فلسطینوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور فلسطینوں کے تحفظ اور اسرائیل کے خلاف پاک فوج اور پاکستان عوام کے  شانہ بشانہ کسی قربانی سے دریخ نہیں کرینگے۔