سکھر،23مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر خیرپور راجہ طارق چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے گمبٹ اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے جہاں ملک بھر سے مریض علاج معالجے کے لئے آتے ہیں، اسپتال کے قیام میں ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کا کردار اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ اسپتال کے مختلف شعبوں کے دورے کے دوران کیا۔اس موقع پر نیوروسرجری وارڈ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور ریپیڈ ریسپانس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر صفدر حسین آرائیں نے ڈپٹی کمشنر خیرپور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک جگر کی پیوند کاری کے 400 سے زائد کیسز کئے گئے ہیں جو کہ پاکستان میں کسی بھی اسپتال میں کئے جانے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جبکہ دل کے شعبے میں انجیو گرافی، اینجو پلاسٹی اور بائی پاس آپریشن کی سہولت بھی موجود ہے،اسی طرح رینل ٹرانسپلانٹ کے بھی لگ بھگ 100 سے زائد کیسز کئے گئے ہیں اور بہت جلد بون میرو ٹرانسپلانٹیشن بھی شروع کردی جائے گی۔