ریسکیو 1122 فائر فائٹر ہیرو  ہیں، اپنی جانوں کو خطروں میں ڈال کر دوسروں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں؛ ڈاکٹر خطیر احمد

60

پشاور، 24مئی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کے اہلکار پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ جذبہ خدمت سے لیس ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران اپنی جانوں کو خطروں میں ڈال کر دوسروں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں، ترقی یافتہ ممالک میں آگ بجھانے والے فائر فائٹرز کو ہیرو مانا جاتا ہے کیونکہ یہ سب سے مشکل پیشہ ہے جس میں براہ راست زندگی اور موت کی کشمکش رہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسکیو1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں گزشتہ روز نوشہرہ خیرآباد میں واقع سردار عالم کے گھر کے تہہ خانے میں شارٹ سرکٹ سے لگنی والی آگ کو بجھانے کے دوران غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے ریسکیو اہلکار اعزاز خان کو توصیفی سند سے نوازنے کیلئے منعقد کیے گئے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

 اس موقع پر ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو ادارے کو عوام الناس کی جانب سے بہترین پزیرائی حاصل ہے جس کی وجہ بروقت اور احسن طریقے سے خدمات کو یقینی بنانا ہے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو انتظامیہ ریسکیو اہلکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کررہی ہے جس کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔

انہوں نے   کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کو وقتاً فوقتاً ان کی بہترین کارکردگی پر توصیفی اسناد دیے جاتے ہیں جن سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور مستقبل میں بھی بہترین خدمات فراہم کرتے ہیں ۔