حکومت نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا چاہتی ہے،  اعلی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو نوکری کا متلاشی نہیں  نوکریاں  دینے والا بننا چاہیے،  وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار  کا ایئریونیورسٹی میں تقریب سے خطاب

33

اسلام آباد۔24مئی  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور سیاسی اختیارات تک رسائی ہو گی جس سے وہ پاکستان کو آگے لے کر جا سکتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کا ہمارا بنیادی مشن روزگار کی فراہمی ہے۔ پیر کو ایئر یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لئے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پڑھے لکھے نوجوانوں کی ترجیح روزگار حاصل کرنا ہوتی ہے، حکومت نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا چاہتی ہے، ملک کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان کی رضا کارانہ خدمات بھی بڑی اہم ہیں، تعلیم، روزگار اور مختلف شعبوں کے لئے ان کی خدمات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ملک کے سیاسی اختیارات تک رسائی ہو گی اور اس طرح انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کا مطالبہ پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار اور شہری خدمات کے مجموعہ کا نام کامیاب نوجوان پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں جو اقدامات کرنا ہیں، ان میں یہ جائزہ لینا ہے کہ کتنی بڑی تعداد میں روزگار کی فراہمی ہو سکتی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں آنے کا میرا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کو آگے لے کر جا سکتے ہیں اور دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کر سکتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کا ہمارا بنیادی مشن روزگار کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کا مائنڈ سیٹ کلیئر کرنا بہت ضروری ہے، حکومت روزگار پیدا کر سکتی ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں سرکاری نوکریاں نہیں دی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً 20 لاکھ نوجوان ڈگریاں لینے کے بعد مارکیٹ میں آ رہے ہیں، حکومت انہیں اتنی بڑی تعداد میں سرکاری محکموں میں انہیں روزگار نہیں دے سکتی تاہم حکومت نوجوانوں کے لئے ایک سہولت کنندہ کا کردار ادا کر سکتی ہے، حکومت کا کام ایسے حالات اور مواقع پیدا کرنا ہے جس سے روزگار پیدا کئے جا سکیں، معیشت کو مستحکم بنا کر روزگار پیدا کئے جا سکتے ہیں، میں اس لئے یونیورسٹی کا دورہ کر رہا ہوں کہ وہ تمام نوجوان جو ڈگریاں لیتے ہیں ان کی کس طرح مدد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پہلے ہی ایک قطار مارکیٹ میں لگی ہے اور نوجوانوں کا روزگار ملنا خوش قسمتی ہو گی اور اسی وجہ سے نوجوانوں کی بھی خواہش ہے کہ وہ ہنر مندی کے ساتھ آگے آئیں، کامیاب جوان پروگرام کے لئے ہنر مند ہونا ضروری ہے، اس سلسلے میں سکل ٹریننگ کا آغاز کیا گیا ہے اور پہلی دفعہ حکومت کی جانب نوجوانوں کو سکلز سرٹیفکیٹس دیئے گئے، ان نوجوانوں کے لئے دونوں راستے کھلے ہیں چاہیں تو روزگار حاصل کریں اور اپنا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں جس کے لئے وزیراعظم کی روزگار ٹیم نے پہلے مرحلے میں ایک سو ارب روپے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپے سے اڑھائی کروڑ روپے تک آسان شرائط پر وسائل تک رسائی ہو گی، اگرچہ ہمارے بینکاری نظام کا ایسا مائنڈ سیٹ نہیں ہے مگر بینکوں کی جانب سے نوجوانوں کو سہولت فراہم کی جائے گی جنہیں شخصی ضمانت پر 20 لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میرے خاندان نے بھی کاروبار کی جانب توجہ دی اور اچھی کاروباری ساکھ کے باعث ہمارے کاروبار نے وسعت پائی، میں نے بھی ڈگری لینے کے بعد اپنے والد کے کاروبار میں شمولیت اختیار کی اور اس طرح ایک بزنس سے تقریباً اڑھائی ہزار لوگ منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کی ایمپلائمنٹ سکیم کی بدولت دس ہزار نوجوان اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں، جن میں سے سات ہزار نوجوانوں نے پہلی مرتبہ اپنا کاروبار شروع کیا ہے جنہوں نے زندگی میں کبھی اپنا اکاؤنٹ بھی نہیں کھولا تھا، الحمد اللہ وہ آج اپنا کاروبار کر رہے ہیں جنہیں نہ صرف اپنے لئے روزگار ملا اور وہ دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کر رہے ہیں، اگر کوئی ریٹیل سٹور کھول رہا ہے وہ بھی اپنے لئے ہیلپر رکھ رہا ہے، ہم اپنے کامیاب جوان پروگرام کو پبلک کرنے جا رہے ہیں، ہر ضلع اور تحصیل میں جائزہ لیں گے کہ کتنے لوگ کاروبار کر رہے ہیں اور سب دیکھیں گے کہ قرضہ لے کر کس طرح یہ لوگ روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے طلباء کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں اور وہ www.kamyabjawan.gov.pk پر وزٹ کر کے اپنے لئے معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مشن پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام کی رسائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری کا متلاشی نہیں بلکہ نوکریاں  دینے والا بننا چاہیے۔ تقریب کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے چیئرمین سید جاوید حسن اور وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل (ر) جاوید احمد نے ہنر مند پاکستان پروگرام میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر کامیاب جوان پروگرام کے بینیفشری عنبرین ضیا اور عثمان خالد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں میں چیک بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسل ایئر مارشل (ر) جاوید احمد اور نیوٹیک کے چیئرمین سید جاوید حسن، ٹیوٹا کے ناصر خان اور بینک آف پنجاب کے نمائندے بھی خطاب کیا۔