ملتان،25مئی (اے پی پی): لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت174 سکیموں پر ملتان میں کام جاری ہے، منصوبوں پر78 کروڑ75 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی کے نمائندوں ابراہیم حسن ڈیہڑ، کاشف مظہر راں اور شاہد تھہیم شریک ہوئے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے چیف افسران بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں کے لئے تمام فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے، سینئر افسران خود فیلڈ میں جائیں اور میٹیریل کی کوالٹی چیک کریں ۔
ڈپٹی کمشنر نے شہر کی گلیوں کو اکھاڑ کر کام شروع نہ کرنے کا سخت نوٹس لیا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور کوالٹی برقرار نہ رکھنے والے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کردیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا تمام چیف آفیسرز ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں جو ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں ان پر کام کا آغاز جلد کیا جائے۔