ملتان، 25 مئی (اے پی پی):موسم کی تبدیلی کی وجہ سے زیادہ بارشوں کے خدشہ کے پیش نظر ملتان میں ممکنہ سیلاب سے
نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ مکمل الرٹ ہے،اس سلسلے میں فلڈ فائٹنگ کانٹی جینسی پلان تیار کر لیا گیا ہے،تمام متعلقہ اداروں نے مشینری کی فٹنس کے سرٹیفیکیٹ ڈی سی آفس میں جمع کرا دئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر کلیم اللہ نے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے متعلقہ محکموں کی تمام مشینری کی تھرڈ پارٹی سے توثیق کرانے کا حکم دے دیا اور کہا کہ سیلاب حساس ایشو ہے،افسران فیلڈ میں جاکر حقائق پر مبنی رپورٹیں تیار کریں۔انہوں نے محکمہ انہار ضلع کی حدود میں واقع دریائی بندوں کے9 حساس پوائنٹس بارے پری فلڈ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے ایریاز کے فلڈ سپر کا دورہ کریں اور رپورٹ پیش کریں ۔انہوں نے تجویز کئے گئے24 فلڈ ریلیف مقامات کا دورہ کرنے اور موجود سہولیات کا جائزہ لینے کی بھی کی ہدایت کی ۔
علی شہزاد نے کہا کہ ریسکیو 1122 فلڈ سے نمٹنے کی فرضی مشق کے لئے ضلع ملتان کی حدود میں واقع دریائے چناب کے مقام کا انتخاب کرے۔اس کے علاوہ شدید بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کی انتظامات کئے جائیں،واسا شہر کے 12 نشیبی علاقوں سے بارش ہونے کی صورت میں نکاسی کے پلان سے آگاہ کرے۔اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک15 جون تک جانوروں کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،محمد طیب خان،ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز،میٹرو پولیٹن کارپوریشن، تحصیل کونسل،واسا، لائیو سٹاک،زراعت اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔