وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 22_2021 بجٹ کے لیے مختلف محکموں کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی منظوری پر پیشرفت سے متعلق اجلاس

22

کوئٹہ25 مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال 22_2021 بجٹ کے لیے مختلف محکموں کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی منظوری پر پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا -اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اتمانخیل، صوبائی مشیر میر سرفراز ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری میر سکندر عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کی شرکت۔اجلاس میں توانائی، مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ، محکمہ صنعت اور لوکل گورنمنٹ کی مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے کانسیپٹ پیپرز کی تیاری اور منظوری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے لئے صوبے بھر میں سولرائزیشن کے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔ قومی گرڈ سے غیر منسلک علاقوں کے بنیادی مراکز صحت کے لیے شمسی توانائی کے منصوبے کو تجویز کیے گئے ہیں اور صوبے کے بڑے شہروں کے لیے سولر سٹریٹ لائٹس کے منصوبے سمیت مختلف اسکیمات پر بریفنگ دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر بہتر عملدرآمد کے لیے پری کوالیفیکیشن کی جانب توجہ دی جائے صوبے کے بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر بھی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی جائے۔ صوبے کے گرم ترین علاقوں کے آف گرڈ ہائی اسکولوں کی سولرائزیشن کی جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ مائنز اونرز کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کو بھی آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے۔ قیمتی منرل اور دھاتوں کی کانکنی پر توجہ دی جائے اور کانکنوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیے بورڈنگ اسکول کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے۔لوکل گورنمنٹ کی مجوزہ 06 اسکیموں کے کانسیپٹ پیپرز سے متعلق اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 10 نئے فائر بریگیڈ اسٹیشنز کی تعمیر کا منصوبہ بھی آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں تجویز کیا گیا ہے جبکہ بڑے ٹاؤنز میں انٹرنل سیوریج، ڈرینیج اور سڑکوں کے منصوبے تجویز کیے گئے۔وزیراعلی نے سیوریج اور ڈرینیج سے متعلق باقاعدہ ماسٹر پلاننگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فائر بریگیڈ اسٹیشنز کے قیام کے منصوبے میں کال سینٹر، ٹریننگ سمیت تمام دیگر ضروری جزیات کو بھی شامل کیا جا ئے۔