وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یورپین پارلیمنٹ خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس سے ورچوئل خطاب

35

 اسلام آباد ،26 مئی (اے پی پی ):یورپین پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی (AFET ) کے چیئرمین ڈیوڈ میک السٹر کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یورپین پارلیمنٹ خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس سے ورچوئل خطاب ،وزیر خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ امور خارجہ کمیٹی کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی  ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودنے یورپین پارلیمنٹ خارجہ امور کمیٹی کے ورچوئل اجلاس سے  بات کرتے  ہوئے کہا کہ  پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان “نے ہمارے کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پارلیمانی سطح پر روابط کے فروغ کے متمنی ہیں، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری شراکت داری کا خواہاں ہے، یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس سہولت دو طرفہ اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کے فروغ میں معاونت کا باعث ہے، ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی اقتصادی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے ،وزیر خارجہ نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران یورپی یونین کی معاونت کو سراہا ۔

چیئرمین یورپین یونین خارجہ امور کمیٹی نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی فراہمی کا یقین دلایا۔

 ورچوئل اجلاس میں چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ملک احسان اللہ ٹوانہ، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی مس زرتاج گل، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات میاں فرخ حبیب، پارلیمانی سیکرٹری خارجہ مس عندلیب عباس، پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف، مس ملیکا بخاری،پارلیمانی سیکرٹری ہیومن رائٹس، لال چند ملہی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔