خواہش ہے کہ ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہو،نئے ہسپتال بنانے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کا صحت سہولت کارڈز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

23

لیہ۔26مئی  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہو، دنیا کا کوئی اور ملک اتنی بڑی سہولت نہیں دے رہا، نئے ہسپتال بنانے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، شہروں کا پھیلائو تب ہوتا ہے جب دور دراز علاقوں کی ترقی پر توجہ نہیں دی جاتی، ترقی کے عمل میں تمام علاقوں کو شامل کرنا چاہئے، ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی میں رینجرز بھی پولیس کی مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صحت سہولت کارڈز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر خاندان کے پاس ہیلتھ انشورنس ہو، آج سے 50، 60 سال قبل پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا، دنیا میں کسی ملک میں جانے کیلئے اس وقت ویزے کی بھی ضرورت نہیں تھی تب برطانیہ میں قانون سب کیلئے برابر تھا اور برطانیہ ایک فلاحی ریاست تھی اور وہاں تمام لوگوں کا سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کیا جاتا تھا، پاکستان ایک فلاحی ریاست کیلئے قائم کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے ہمارا ملک فلاحی ریاست نہیں بن سکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غریب افراد کیلئے علاج کی مفت سہولت بہت بڑی نعمت ہے، شوکت خانم کینسر ہسپتال بھی غریبوں کے علاج کیلئے بنایا ہے کیونکہ کینسر کا علاج بہت مہنگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بھلائی کیلئے اقدامات سے برکت ہوتی ہے،  ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، دنیا میں مدینہ کی ریاست سب سے بڑا انقلاب لائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کی اکثریت بنیادی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے انتقال کر جاتی ہے اور زچہ و بچہ کی اموات بھی ہمارے ہاں زیادہ ہوتی ہیں، اس میں کمی کیلئے زچہ و بچہ ہسپتالوں کا دور دراز علاقوں میں قیام بہت ضروری تھا، بنیادی صحت کے مراکز کی شمسی توانائی پر منتقلی بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ڈویژنز کی ترقی پر توجہ دینا وزیراعلیٰ کا احسن اقدام ہے کیونکہ شہروں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسلام آباد اور لاہور کی آبادی ڈیڑھ گنا بڑھ گئی ہے، وہاں سہولیات کی بھی کمی ہوتی ہے اور مسائل پیدا ہو رہے ہیں، شہروں کا پھیلائو تب ہوتا ہے جب دور دراز علاقوں پر توجہ نہیں دی جاتی، اس لئے ترقی کے عمل میں سب علاقوں کو شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے پیکیج سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقہ میں ڈاکوئوں کے خلاف پولیس اور رینجرز مل کر کارروائی کریں گی، اس سلسلہ میں رینجز پولیس کی مدد کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم زچہ و بچہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا اور صحت سہولت کارڈز بھی تقسیم کئے۔