صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

30

اسلام آباد،27 مئی(اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے صدر جنرل اسمبلی والکن بوذنے جمعرات  کو یہاں  دفتر خارجہ میں ملاقات کی ہے ،  ملاقات میں مسئلہ فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے، صدر جنرل اسمبلی کی بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوۓ کہا کہ اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے “سیز فائر “پہلا مقصد تھا جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اصل مقصد، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہے، مسئلہ فلسطین کو مستقل بنیادوں پر حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں قیام امن بعید از قیاس ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھی حل کیے بغیر، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا جبکہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوۓ ان کا کہنا تھا  کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔

وزیر خارجہ نے کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے صدر جنرل اسمبلی کے اقدام “ویکسین فار آل” کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وبا سے مکمل چھٹکارے کیلئے ضروری ہے کہ سب کو محفوظ بنایا جائے۔

قبل ازیں وزیرخارجہ نے صدر جنرل اسمبلی والکن بوذکر کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔