ہری پور۔27مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرے گا،پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی اثرات کا زیادہ شکارہیں،دس بلین ٹری سونامی،قومی پارک کے قیام کے منصوبوں سمیت دیگر اقدامات اس صورتحال سے نمٹنے کے سلسلے کی کڑی ہیں،نئی نسل کو ماحولیات تبدیلیوں سے پاک پاکستان دیں گے۔وہ جمعرات کو یہاں وزیر اعظم ضلع ہری پور میں دس بلین ٹری سونامی پروگرام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پودا بھی لگایا۔معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم کو دس بلین ٹری سونامی پروگرام کی کامیابیوں کے حوالے سے بریف کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام کی’’ نیچر کپیٹل آف پاکستان‘‘ رپورٹ پر بھی بریفنگ بھی لی۔وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر تقریبات کی میزبانی پاکستان کااعزاز ہے،پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت سے نمٹنے کےلئے سنجیدہ کوششیں کررہا ہے،یہ اقدامات دکھاوا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر پاکستان کے لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ شکار ہیں،پانی کے دریائوں کا انحصار گلیشئرز پر ہے اور عالمی حدت کی وجہ سے جس تیزی سے یہ پگھل رہے ہیں اس سے پانی کی صورت میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یہی صورتحال بھارت کے ساتھ بھی ہے اس کے پانی کا انحصار بھی گلیشئرز پر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم کوششیں کررہے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہم چھوٹے تھے تب جنگلات باکثرت تھے،شہر صاف ستھرے تھے،کہیں آلودگی نہیں تھی،طویل المدت منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے یہ تباہی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے،سنگا پور میں کچھ عرصہ پہلے بہنے والا دریا سیوریج کے نالے کا منظر پیش کررہا تھا لیکن اب اسے دیکھا تو وہ صاف شفاف ہے اور اس میں مچھلیاں تیر رہی ہیں،ہم بھی اس ماحول کو واپس لاسکتے ہیں۔دس بلین سونامی ٹری منصوبہ اسی سلسلےکی ایک کڑی ہے،ہم قومی پارک بنا رہے ہیں اس سے وائلڈ لائف اور برڈ لائف محفوظ ہوگی،سیاحت کے مواقع پیدا ہوں گے،جنگلات میں کمی سے وائلڈ لائف میں بھی کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جنگلانے سے یہاں وائلڈ لائف بھی آئی ہے۔انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی اور بلین ٹری منصوبہ پر کامیابی سے عمل درآمد پر امین اسلم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔