اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ولکن بوزکر نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور علاقائی و بین الاقومی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود فلسطین اور جموں و کشمیر جیسے اہم تنازعات، افغان امن عمل، جرائم، بدعنوانی اور رشوت کی آمدنی کی غیر قانونی منتقلی ، پائیدار ترقی اور کووڈ۔19 وبا کے تناظر میں اقتصادی بحالی کی کاوشوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کے جنرل اسمبلی کے صدر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد امن عمل کی بحالی اور اقوا م متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور دو ریاستی وژن کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ کے تحت بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے قرضے میں ریلیف ، اقتصادی بحالی کی کوششوں اور 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ ولکن بوزکر نے وزیراعظم کو اہم بین الاقوامی سیاسی ، سماجی و اقتصادی مسائل کے حل کیلئے جنرل اسمبلی کی اپنی صدارت کی مدت کے دوران کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ولکن بوزکر 26 سے 28 مئی تک وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ولکن بوزکر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدارت کرنے والے ترکی کے پہلے شہری، سابق سفارتکار اور سینئر سیاستدان ہیں۔ وہ اگست 2020 میں پہلے بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور انہوں نے اس وقت بھی اپنے دورہ کے دورا ن وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔