ملتان، 28 مئی (اے پی پی ):ڈویژنل انتظامیہ،پی ایچ اے نے ملتان کوسرسبز و شاداب بنانے کیلئے شہر کے داخلی راستوں و مرکزی شاہراہوں پر تیار درخت لگانے کی تاریخی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آر پی او سید خرم علی، کمشنر جاوید اختر محمود نے پلکن انکلیو پر پودا لگایا۔
اس موقع پر کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ ائیرپورٹ روڈ پر 70 پلکن کے تیار درخت لگا کر پلکن انکلیو بنایا گیا ہے اور 246 تبوبیا کے پودے اطراف میں لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے،ڈویژن میں لوکل اجناس کے درختوں کی شجرکاری نان سٹاپ جاری ہے۔
کمشنر نے کہا ڈویژن میں 3 لاکھ سے لوکل اجناس کے تیار درخت لگائے جاچکے ہیں اور قاسم پور کالونی تا بہاولپور بائی پاس 350 درخت لگائے گئے ہیں، انسانی صحت کیلئے مضر اجناس کے درختوں کو بتدریج ختم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرانا خانیوال روڈ پر اشوک کے تیار 36 درخت لگا کر اشوک ایونیو تیار کیا گیا ہے،نادرن بائی پاس پر 9.5 کلومیٹر میڈین پر 950 پلکن درخت لگا کر پلکن ایونیو بنایا ہے اور ہائیکورٹ روڈ پر املتاس کے 136،معصوم شاہ روڈ پر مولسری کے 136 تیار درخت لگائے گئے ہیں واٹرورکس روڈ پرٹرمیریا،پلکن،املتاس،سکھ چین کے 300 درخت لگائے گئے ہیں ۔
کمشنرنے کہا ایل ایم کیو روڈ پر اشوک کے 135 تیار درخت لگائے گئے ہیں، ڈویژن کے تمام سرکاری سکولوں و ہیلتھ سنٹروں پر 1 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔
آر پی او سید خرم علی شاہ نے کہا وطن عزیز میں گرین کور میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے،نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھر اور دفتر میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان صرف ایک مہم نہیں، مقصد ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ پودوں کی حفاظت بارے نظام وضع کیا گیا ہے، شہر کی مختلف شاہراہوں پر سول سوسائٹی کے تعاون سے تیار درخت لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمشنرملتان نے ذاتی دلچسپی سے ملتان میں مختلف مقامات پر تیار درخت لگوائے ہیں، شجرکاری سے موسم کی سختی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈی جی پی ایچ اے نے کہا پی ایچ اے شہر میں گرین کور میں اضافہ کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔
شجرکاری کے موقع پر سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔