ملتان، 28مئی(اے پی پی ): ڈینگی کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے اہم فیصلے کر لئے گئے ، ڈینگی سے متعلق عوامی شکایات کے لئے ٹال فری نمبر 080099000 جاری کردیا گیا ہے جبکہ ڈینگی سرویلنس کے لئے مزید سرکاری محکموں کی خدمات حاصل کر لی گئیں ہیں، ڈینگی سرویلنس کے لئے مختلف محکموں کے انڈرائیڈ یوزر میں اضافہ کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں25 سے زائد محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع ملتان میں ایک ہفتہ کے دوران26 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر افسران پر برہم ہوئے اور کہا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے کے باوجود ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کیوں نہیں کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ جن مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہو،وہاں کے مالک یا انتظامیہ کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
علی شہزاد نے کہا کہ انڈور مقامات کے علاوہ 7 آوٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا لیکن بہت افسوس ہوا کہ قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونیکی صورت اسے چھپانے کی قطعا” ضرورت نہیں ڈینگی لاروا برآمد ہونے کے حوالے سے انڈر رپورٹنگ کی گئی تو برداشت نہیں کروں گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل نہ کرنیوالوں کو نوٹس جاری کرنیکا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، ڈینگی کو پنپنے کا موقع فراہم کرنیوالوں کے خلاف ڈینگی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا ہاٹ سپاٹ سرویلنس کی تھرڈ پارٹی سے توثیق کرائی کرائی جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز ایک ایک ہاٹ سپاٹ کا خود دورہ کریں اور اپنی رپورٹ پیش کریں۔
علی شہزاد نے کہا کہ جن سرکاری اداروں میں ملازمین کی تعداد زیادہ ان کے اینڈرائیڈ یوزرز میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے ڈینگی سرویلنس بارے ناقص کارکردگی پر ایم ڈی اے اور ٹیوٹا کو لیٹر لکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس میں سسٹنٹ کمشنرز خواجہ محمدعمیر محمود اور عدنان بدر سمیت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی،ڈاکٹر محمد علی مہدی اور ڈاکٹر فاروق بھی شریک تھے۔