سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کوبھی ویکسین لگائیں گے: ڈاکٹر یاسمین راشد

27

لاہور، 28مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مرادراس کے ہمراہ گورنمنٹ پائلٹ سکول وحدت روڈ پر نئے ویکیسنیشن سنٹرکاافتتاح کردیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی آمدپر بچوں نے گلدستہ پیش کرکے خوش آمدید کہا۔سیکرٹری صحت سارہ اسلم نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹرمرداراس کو ویکسینیشن سنٹرپرمختلف کاؤنٹرز اور ویکیسنیشن کیلئے انتظامات بارے بریفنگ دی۔وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ویکسینیشن سنٹر پرعملہ اور ویکیسنیشن کروانے آئے اساتذہ سے بات کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ پنجاب بھر میں ویکسینیشن کاعمل کامیابی سے جاری ہے۔پنجاب میں 35لاکھ سے زائد شہریوں کو ویکسین لگاچکے ہیں۔  این سی اوسی کی جانب سے ہمیں روزانہ ایک لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کاہدف دیاگیاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد۔ نے کہا کہ جون کے مہینے سے ڈھائی لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائیں گے۔ جولائی کے مہینے سے ساڑھے تین سے چارلاکھ شہریوں کو روزانہ کی بنیار پر کوروناسے بچاؤ کیلئے ویکسین لگائی جائیگی۔کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل ایس اوپپیزپر سختی سے عملدرآمد کرنااور ویکسین لگواناہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 19سال عمر سے زائدافرادکی ویکسینیشن کا سلسلہ شروع کردیاہے۔ ہرمحکمہ کے فرنٹ لائن ورکرز کو ویکیسن لگانا انتہائی اہم قدم ہے۔انھوں نے کہا کہ اپنے تمام فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگا کر محفوظ بنار ہے ہیں۔کوروناکے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے تمام فرنٹ لائن ورکرزکوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام شیڈول کے مطابق ویکسین لازمی لگوائیں۔ ویکسین لگوانے کے بعد احتیاط نہ کرنے سے بھی کورونا ہوسکتاہے۔ ویکسین لگوانے سے کوروناکی شدت میں کمی ہوجاتی ہے۔ ویکسین لگوانے سے قوت مدافعت پیداہوتی ہے۔ ویکسین کی اہمیت کوسمجھتے ہوئے میرے سمیت صحت کے تمام افسران نے ویکسین لگوالی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام میں ویکسین کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرناہوگا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ  سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کوبھی ویکسین لگائیں گے۔         پائلٹ سکول وحدت روڈ ویکسینیشن سنٹرپر روزانہ کی بنیادپر ایک ہزارسے پندرہ سوافراد تک کو ویکسین لگانے کی صلاحیت موجودہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اساتذہ ویکسین کیلئے اپنا شناختی کارڈ اور جاب کارڈ ہمراہ لائیں۔     امریکہ جیسے ممالک میں ویکسینیشن کیلئے ایک کلومیٹرتک لمبی قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ ہم نے پنجاب کی عوام کیلئے ویکسینیشن سنٹرز پرآسانیاں پیداکی ہیں۔ہمارے پاس ویکسین وافر مقدارمیں موجودہے۔کوروناکے خلا ف جنگ میں ہم انشاء اللہ سرخروہونگے۔عوام سے احتیاطی تدابیرسختی سے اختیارکرنے کی اپیل کرتے ہیں۔صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹرمرادراس نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے تمام اساتذہ کو 7جون سے پہلے کوروناسے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی کوشش کرینگے۔نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ بھی ہمارے اساتذہ ہیں۔ ویکسین لگوانے کیلئے اساتذہ کو زیادہ انتظارنہیں کرناپڑیگا۔سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف سے 7جون سے پہلے آکراپنے آپ کو ویکسینینٹ کروانے کی اپیل کرتے ہیں۔ پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرزمیں بھی ویکسینین سنٹرزقائم کئے جائیں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ویکسینیشن کے حوالہ سے آسانیاں پیداکررہی ہے۔ ڈاکٹر مرادراس نے کہا کہ بچوں کو گرمیوں کی دوسے تین ہفتے کی چھٹیاں دی جائیں گی کیونکہ کوروناکی وجہ سے بچوں کی تعلیم کابہت نقصان ہوچکاہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک سوال کے جواب میں کہ فارن آفس بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کیلئے آسانی پیداکرنے کیلئے بات چیت کررہاہے۔حکومت عوام کو بجٹ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حوالہ سے سوارب روپے کا ریلیف دے رہی ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پرسوں ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژنزکی عوام کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کا آغازکیاہے۔آئندہ آپ کا شناختی کارڈ ہی انشورنس کارڈ ہوگا۔   اراکین پنجاب اسمبلی کیلئے اسمبلی میں خصوصی ویکسینیشن سنٹرقائم کیاگیاہے۔