طاقتور وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہر کسی کو قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنا پڑے گا:ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

19

لاہور۔28مئی(اے پی پی)تحریک انصاف میرٹ اور قانون کی بالادستی کا نام ہے جہانگیر ترین ہو یا کوئی اور طاقتور وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہر کسی کو قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے جس حکمت عملی کے ساتھ کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں داﺅ پر لگی ہوئی ہیں جبکہ حکومت کی مثبت پالیسیز کی وجہ سے معاشی ترقی ہو رہی ہے سٹاک ایکسچینج اوپر گئی ہے زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں اور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔اس وقت دنیا کے بہت سے ممالک کی نسبت پاکستان میں پٹرول سستا ہے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافوں کو روکنے کیلئے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ اس حوالے سے مافیاز کے خلاف بھی ہم ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں قاسم خان سوری نے ادب عالیہ کے فروغ کیلئے قائم ادارہ مجلس ترقی ادب کے صدر منصور آفاق سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئےکہا کہ اس ادارے میں ماضی میں امتیاز علی تاج احمد ندیم قاسمی اور شہزاد احمد جیسی شخصیات خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں۔ یہ ایک تاریخی ادارہ ہے اور منصور آفاق کی یہاں تعیناتی کے بعد یقیناً مزید ترقی کرے گا۔ ادب عالیہ کے فروغ کی خاطر حکومت پنجاب اس اہم ادارے کے لئے بائیس ملین کی گرانٹ منظور کر چکی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور حکومت میں بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور 600 ارب کا پیکیج دیا گیا ہے جس سے اس صوبے کی احساس محرومی کافی حد تک ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔ پچھلے دس سالہ دور میں صرف 11سو کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی تھیں جبکہ ہماری حکومت کے ڈھائی سال میں بلوچستان میں 33 سو کلومیٹر نئی سڑکیں اور اہم شاہراہیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پی ٹی آئی کی حکومت کا بڑا انقلابی قدم ہے جس سے غریب آدمی بھی پرائیویٹ ہسپتال میں اپنا علاج معالجہ کروا سکتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کے بعد میرے لئے یہ امر بہت حوصلہ افزاءہے کہ ہیلتھ کیئر پنجاب کے شعبہ میں 35 ہزار نئی نوکریاں دی جا رہی ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جس طرح سے فلسطینیوں کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ہماری کاوشوں سے پوری دنیا میں اس وقت فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی جا رہی ہے اور اسرائیل کی منفی پالیسیوں کی مذمت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی دلیری سے مسلم امہ کے مسائل کو اجاگر کیا اور کشمیر کے ساتھ ساتھ فلسطین کے افسوسناک مسئلے کو بھی عالمی فورمز پر اٹھایا ہے۔  سندھ اور پنجاب کے مابین پانی کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات بہت جلد رفع کر دیئے جائیں گے ۔ محترمہ فہمیدہ مرزا اس مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اور صوبوں کے مابین اس کی منصفانہ تقسیم پر پیدا ہونے والے تنازعات کو مستقلاً حل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت کی سنجیدہ کاوشوں میں سب سے پہلے نئے ڈیمز کی تعمیر ہے۔ ملکی تاریخ میں پچاس برس کے بعد تین نئے بڑے ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔ پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔ آج میں لاہور میں ہوں تو لاہور والوں کو داد دیتا ہوں کہ انہوں نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت نہ کر کے اسے ایسا ناکام بنایا کہ آج یہ غیر منطقی سیاسی اور مفاداتی اتحاد پارا پارا ہو چکا ہے۔