بہاولنگر،29 مئی ( اے پی پی): سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ساؤتھ پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے پروگرام “خدمت آپ کی دہلیز پر”کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور عوام الناس کی شکایات کے ازالہ اور ریسپانس میں بہتری کے لیے میونسپل ادارے اور لوکل گورنمنٹ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ، میونسپل سروسز پر مکمل فوکس کریں ، اس پروگرام کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں ۔
یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر کے کانفرنس روم میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق بھی موجود تھے۔
سیکرٹری ساؤتھ پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ عہدے امانت ہیں اور تمام بلدیاتی افسران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور بہترین سروسز اور مثبت نتائج سے عوام پر اپنا اعتماد بحال کریں ۔ انہوں نے میونسپل افسران کو صفائی ، پانی کی فراہمی اور لائٹس کی بہتری کے معاملات کو ڈیلی اور مستقل بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ میونسپل اداروں کے فرائض میں شامل ہے کہ لوگوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں اور خلاف ورزیوں پر کارروائی بھی لیں۔ سیکرٹری بلدیات نے محکمہ جنگلات کی معاونت سے مون سون مہم کا شجرکاری پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر کے تحت ابتک 14773صفائی کی سرگرمیاں کی گئی ہیں اور تیسرے دن ابتک 6313سرگرمیاں اپ لوڈ ہوچکی ہیں اور تیسرے دن ابتک 42شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 28 کا ازالہ کردیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 123شکایات موصول ہوئی اور 102کو حل کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں چیف آفیسرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔