بغداد، 29مئی (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار، دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتہ کو یہاں عراق کے وزیر داخلہ عثمان الغانمي سے ملاقات میں کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی، مذہبی اعتبار سے عراق کے ساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہر سال دولاکھ سے زائد ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی زیارات مقدسہ کیلئے عراق آتے ہیں۔
ملاقات میں وزیرخارجہ نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی جانب توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق، زائرین کی سفری مشکلات کے ازالے اور انہیں مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے، زائرین مینجمنٹ پالیسی “متعارف کروا رہے ہیں،زایرین مینجمنٹ پالیسی پر موثر عملدرآمد کیلئے، ہمیں عراقی حکومت کی معاونت درکار ہو گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عراق کی طرح پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے ایک طویل جنگ لڑی ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کثیر مالی و جانی نقصان سے گزرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔
عراقی وزیر داخلہ عثمان الغانمي نے وزیر خارجہ کو وزارت داخلہ عراق آمد پر خوش آمدید کیا اور کرونا وبا کے دوران عراقی بھائیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے کی گئی معاونت پر پاکستانی قیادت و عوام کا شکریہ ادا کیا۔عراقی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دو باہمی دلچسپی کے امور پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔