وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات، اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا

30

اسلام آباد،29مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہفتہ کو بغداد میں عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کی۔ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ کہا کہ پاکستان اور عراق کے دو طرفہ تعلقات، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر ،آپ کے جلد دورہ ء پاکستان کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

 عراقی وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے ۔انہوں نے صحت کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے عراقی وزیر اعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور  دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کیلئے ایک جامع فریم ورک بنانے کی تجویز دی ، جس پر عراقی وزیراعظم نے آمادگی کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے عراقی وزیراعظم کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کے باعث، علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔