اسلام آباد ، 30 مئی (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دورہ عراق کے دوران بغداد میں عراقی وزارت دفاع آمد کے موقع پر عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون خطاب الجیبوری نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون خطاب الجیبوری سے ملاقات ہوئی اور دوران ملاقات علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی اورعلاقائی سلامتی و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدومشاہمحمودقریشینے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔یوم پاکستان پریڈ میں عراقی “پیراٹروپرز” کی شرکت ہمارے دو طرفہ مضبوط دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔
وزیر خارجہ نے عراقی وزیر دفاع کو پاکستان کی جانب سے ترقیاتی اور دفاعی شعبوں میں ہر ممکن معاونت و تعاون کی پیشکش کی۔
وزیر خارجہ نے عراقی وزارتِ دفاع میں رکھی “ویزیٹرز بک” میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔