سندھ حکومت نے ڈاکو راج چھپانے کیلئے پانی کا مسئلہ اٹھایا، حلیم عادل شیخ

41

اسلام آباد،30مئی (اے پی پی):تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ  نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نےصوبہ  میں ڈاکو راج کو پانی کے ایشو میں بہانے کی کوشش کی ہے، شکار پور میں ڈاکو آزاد ہیں جو بکتر بند گاڑیوں پر چڑھ کر وڈیوز بنا رہے ہیں اورسوشل میڈیا پر مارکیٹنگ شروع کردی ہے،  پنجاب اور سندھ کو اپنے شیئرسے 32 فیصد کم پانی مل رہا ہے،وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے لئے 446ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سند ھ میں ڈاکو راج ہے اور یہ ڈاکو 7 ہزار 880 ارب روپے ڈکار گئے ہیں۔ سندھ میں انسدادِ ڈاکو آپریشن ایک ڈرامہ ہے ،اگر سندھ حکومت کہتی ہے کہ 8 ڈاکو مارے گئے تو ان کی تصویریں دکھائیں،ڈاکووں کے خلاف آپریشن سست کر دیا گیا ہے، شکار پور میں ڈاکو آزاد ہیں جو بکتر بند گاڑیوں پر چڑھ کر وڈیوز بنا رہے ہیں اورسوشل میڈیا پر مارکیٹنگ شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ نے سابق اٹارنی جنرل انور منصور کی رپورٹ کا ذکر کیاہے، انہوں نے سابق اٹارنی جنرل کی رپورٹ سے اپنی من پسند چیز پیش کیں جبکہ باقی بھول گئے۔

حلیم عادل نے کہا کہ ٹھیک ہے متنازعہ ڈیمز نہ بنائیں  تاہم اس کے علاوہ بھی بہت ڈیمز بن سکتے تھے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی  نے کہا  کہ  وزیراعظم عمران خان کے علاوہ کس نے ڈیمز بنانے کی بات کی؟انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گردوں نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے،پانی کے مسئلے پر بات کر تے ہوئے  انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کو اپنے شیئرسے 32 فیصد کم پانی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہہ گڈو بیراج پر چھاپہ مارا گیا تو پتہ چلا کہ پنجاب پانی چوری نہیں کر رہا، 10 جون تک سندھ میں پانی77 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ کیوسک سے زیادہ ہو جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب وزیراعلیٰ سندھ شکارپورگئے تو ان کے ساتھ کوئی ایم این اے یا ایم پی اے کیوں نہیں تھا؟ آج بھی کہتا ہوں موجودہ آئی جی سندھ کو ہٹاکر اے ڈی خواجہ کو لگا دیں، سندھ میں پی پی کا آئی جی لگا ہوا ہے، سندھ حکومت کو اس سے قبل بھی ہر آئی جی پر اعتراض تھا۔ انہوں نے کہا  کہ کورونا کی وجہ سے سندھ کو گزشتہ برس کم وسائل ملے تو بلاول نے کہا ہمارے وسائل فراہم نہیں کئے جارہے، اس بار بارش کم پڑی اور درجہ حرارت کم رہا یہ پانی کم ہونے کی وجوہات ہیں کاش بلاول صاحب کو وہی فارمولا سمجھ آجاتا جو انہوں نے خود بتایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے بڑا سندھی کوئی نہیں ہم سندھ کا سوچتے ہیں 40،  فیصد سندھ کا مینڈیٹ ہمیں حاصل ہے۔