گوادر 31, مئی (اے پی پی ):سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل ر عاصم سلیم باجوہ نے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گیم چینجر منصوبہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے زیر تعمیر منصوبوں کا تفصیلی معائینہ کیا ۔اور گوادر میں سرمایہ کاروں سمیت مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔اور گوادر شہر کے ماسٹر پلان سے متعلق لوگوں کے تحفظات سنے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل ر عاصم سلیم باجوہ کو گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین، ڈی جی جی ڈی اے اور چائینہ اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین نے سی پیک کے زیر تعمیر منصوبوں سمیت گوادر فری زون کے متعلق بریفنگ دی. سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین نے جاری زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرلیا.
اس موقع پر سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل ر عاصم سلیم باجوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت سی پیک کے فیز ٹو کی جانب بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے، اب گوادر پورٹ سے سامان کی بکنگ کیلیئے آن لائن بکنگ کی جاسکتی ہے. ان کا کہنا تھا کہ اگلے کچھ دنوں میں آسٹریلیا سے 24 ہزار ٹن کا جہاز افغان ٹرانزیٹ ٹریڈ کا سامان لے کر گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت اگلے ڈھائی سالوں میں تیس ہزار ملازمتیں پیدا ہونگی. جنرل ر عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ گوادر کے شہریوں کو فنی تعلیم و تربیت کیلیئے پاک چائینہ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ شہریوں کو صحت کی جدید سہولیات مہیا کرنے کیلیئے گوادر میں 150 بستروں پر مشتعمل جدید مشینری و آلات سے آراستہ اسپتال کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے جو اگلے سال پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گی. انہوں نے کہا کہ گوادر ماسٹر پلان سےمتعلق سرمایہ کاروں و مقامی زمینداروں کے تحفضات دور کردیئے گئے ہیں اب آپ کو گوادر شہر کی تعمیر و ترقی میں تیزی نظر آئے گی۔