پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں؛اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

18

اسلام آباد، 31 مئی (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  کہا  ہے  کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مستحکم ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے   پیکو کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے افغان ولوسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمان رحمانی کی افغان پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران  کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور خطے کی معاشی صورتحال سمیت پی اے ای سی او کانفرنس پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔

 اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور مستحکم  افغانستان دیکھنے کا خواہشمند ہے، افغانستان کے پارلیمانی وفد کے حالیہ دورے سے  دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا  اور دوطرفہ تعاون میں اضافے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے  کہا کہ  پی اے ای سی او کانفرنس کے انعقاد سے ای سی او ممالک میں تجارتی اور معاشی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا، پیکو کانفرنس کا انعقاد خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اضافے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

افغان اسپیکر  میر رحمنٰ رحمانی   نے  کہا کہ  افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں  نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاکر معاشی استحکام حاصل کرسکتے ہیں۔

 افغان ولوسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمنٰ رحمانی نے  کہا کہ  پی اے ای سی او کانفرنس کا انعقاد  ای سی او ممالک کے مابین تعلقات میں اضافے اور خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اچھا شگون ثابت ہو گا۔