کامیاب جوان پروگرام کے تحت 45 سال سے کم عمر وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں ؛وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین 

49

اسلام آباد،31مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت 45 سال سے کم عمر وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں، بار ایسوسی ایشن کا اہم قانونی معاملات پر قائدانہ کردار ناگزیر ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران بار ایسوسی ایشنوں کے ارکان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب بار کونسل، راولپنڈی بار اور ملتان بار نے اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کروانے کا مطالبہ کیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار بھی آئندہ انتخابات میں اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکتی ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے وکلاء کے مسائل کے حل کی ذمہ داری تفویض کی ہے، وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ وکلاءچیمبرز کی تعمیر کے لئے سی ڈی اے کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 45 سال سے کم عمر وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے بات کر کے وکلاء کے لئے خصوصی پیکیج لایا جائے گا۔ نوجوان وکلاءاور خواتین وکلاءاس پیکیج سے مستفید ہوں گے۔

 وکلاء رہنمائوں نے اسلام آباد ماسٹر پلان میں جوڈیشل کمپلیکس کا ایشو حل کرنے اور پی سی ون بنانے پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر راجہ زاہد نے اس موقع پر کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق کوئی بھی شخص یا ادارہ احتساب سے بالا تر نہیں، ججز سمیت ہر شخص قانون کو جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بار ایک رول ماڈل ہے، بار اور بینچ کا ہمیشہ اچھا تعلق رہا ہے۔

صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد فرید حسین کیف نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ملک کی بہتری کے لئے شانہ بشانہ ساتھ ہوں گے۔

 ملاقات کرنے والوں میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر راجہ زاہد، نائب صدر فضل الٰہی، جوائنٹ سیکریٹری اختر محمود، فائنانس سیکٹری عرفان اللہ خان بانگی خیل، ایگزیکٹو ممبران فاخرہ سلطان، رانا علی اکبر، رانا تنویر، سرفراز، آمنہ علی جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر فرید حسین کیف، نائب صدر فرزانہ فیصل، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی راجہ محمد سعید، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سید صلاح الدین شاہ، سردار ناصر، شمسہ کیانی، چوہدری فیصل محمود، وصیع ﷲ شامل تھے۔