جلال پورپیروالہ، 31 مئی (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی نے کھلی کچہری میں سنگین جرائم کے زیر تفتیش مقدمات کے مدعیان سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کیے، کھلی کچہری میں چند درخواستوں پر آر پی او ملتان نے فریقین کی سماعت بھی کی اور مقامی پولیس افسران کو احکامات بھی جاری کیے۔
آر پی او ملتان سید خرم علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عام لوگوں کی پولیس افسران تک آسان رسائی اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے، پُر امن معاشرے کی بنیاد رکھنے کے لئے پہلا تعاون عوام کا ہے، اگر عوام پولیس کے ساتھ تعاون کرے تو کرائم میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
کھلی کچہری کے بعد آر پی او ملتان سید خرم علی نے تھانہ سٹی و صدر کے تمام تفتیشی پولیس افسران سے میٹنگ بھی کی اور زیر تفتیش مقدمات بارے بات چیت کی۔ انہوں نے مقامی پولیس افسران کو ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد میرٹ پر یکسو کیا جائے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل عباس اختر، ایس ایچ او سٹی عمر دراز خان، ایس ایچ او صدر مصطفیٰ میتلا، اے ڈی آئی جی سعدیہ سعید، پرائیویٹ سیکرٹری عبدالقادر، پی ایس او محمد یوسف بھٹی سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔