پیکو کانفرنس کا انعقاد بڑی کامیابی ہے، اسلام آباد ڈیکلریشن کا منظور  ہونا خوش آئند ہے، کانفرنس کے ذریعے پیکو کو ایک  منظم ادارے کے طور پر بحال اور فعال کرنا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

19

اسلام آباد، 01 جون(اے پی پی): پیکو کانفرنس کا انعقاد بڑی کامیابی ہے، اسلام آباد ڈیکلریشن کا منظور  ہونا خوش آئند ہے، کانفرنس کے ذریعے پیکو کو ایک  منظم ادارے کے طور پر بحال اور فعال کرنا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ  پوری دنیا اس وقت کووڈ-19 کی لپیٹ میں ہے اس کے باوجود عالمی وباء کی اس خطرناک لہر میں ای سی او کے پارلیمانی سربراہان آج اکھٹے ہوئے ہیں، ای سی او کے تمام ممالک مل کر خطے کو ترقی کی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا  ایگزیکٹو کونسل آف پیکو نے  پاکستان کے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اصولی مؤقف کی حمایت کی ہے اور خطے کا پائیدار امن درینہ مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ ممکن ہے ، جو کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے ایکو ممبر ممالک کے تعاون کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ‎مسلم ممالک کو مسئلہ فلسطین کے لیے بھی متحد ہو کر کوششیں کرنی چاہیے،فلسطینیوں کے مصائب پر عالمی برادری  توجہ دے اور اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے۔

ایکزیکٹیو کونسل آف پیکو نے تیسری پیکو کانفرنس افغانستان میں منعقد کرانے پر اتفاق کیا ہے اور  اسلام آباد میں پیکو سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری بھی دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ  پیکو کانفرنس کو مزید فعال بنانے کے لیے پیکو کی رولز آف بزنس کی منظوری اور ممبر ممالک کی پارلیمانوں میں پیکو برانچز کے قیام پر اتفاق بھی ایک خوش آئند اقدام ہے۔