خطہ کے ممالک  ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرکے سیاحت کے شعبہ کو ترقی دے سکتے ہیں،  ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا پائیکو کانفرس سے خطاب

19

اسلام آباد،02جون (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت پروگرام سینیٹر  ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان غربت کے خاتمے اور سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، اس سلسلہ میں ریاست مدینہ کے تصور کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم، صحت ، غربت کے خاتمے سمیت دیگر شعبوں میں غریب اور نادار طبقات کی بہبود کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

بدھ کو پائیکو کانفرنس کے دوسرے روز ٹور ازم کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ ہم سماجی تحفظ کے حوالے سے ون ونڈو آپریشن کے تحت پروگرام متعار ف کرارہے ہیں۔ حکومت پائیدار اقتصادی ترقیاتی،آبادی پر قابو پانے ، انسانی وسائل کی ترقی کے لئے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے پرگراموں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بے روزگار اور غریب طبقات کی نقد رقوم  کی صورت میں مالی معاونت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹور ازم کے فروغ سے غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا تو اقتصادی صورتحال بہتر ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہزاروں کلومیڑ کاساحل ہے۔ یہاں دوسری بڑی چوٹی ہے۔ مذہبی سیاحت کے حوالے سے مقامات ہیں۔ سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے حکومت ترجیحی بنیادو ں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہم نے 2020 سے 2030 تک قومی سیاحتی پروگرام تشکیل دی ہے ۔ اس سلسلہ میں 190 ممالک کو ای ویزہ کی سہولت اور 50 ممالک کو ملک میں آمد پر ویزہ جاری کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ  ترکی میں سیاحت کے شعبہ کا ان کی معیشت میں ایک بہت بڑا حصہ ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کورونا  وائرس کی وبا کی صورتحال کی وجہ سے دنیا بھر میں سیاحت کے نتیجہ میں جی ڈی 10.5 فیصد سے کم ہ کر 5.5 فیصد تک آ گیا ہے۔ پاکستان کی حکومت کورونا  وائرس کی وبا کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کانفرنس کے شرکاکا خصوصی طور پر شکریہ ادا  کیا ۔

افغانستان، آزربیجان ترکی اور دیگر ممالک کے مندوبین بھی سیشن میں شریک ہوئے۔