پاکستان اور تاجکستان کےمختلف شعبوں میں تعاون کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

11

اسلام آباد،2جون  (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے  ہیں۔ بدھ کو دستخطوں کی تقریب یہاں ایوان وزیر اعظم میں منعقدہوئی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان بھی موجود تھے۔

تعلیمی شعبے میں تعاون کے سلسلہ میں تاجک ٹیکنیکل یونیورسٹی اکیڈیمیشین ایم ایس او سیمی  اور انڈس یونیورسٹی آف پاکستان ، تاجکستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایوان صنعت و تجارت بلوچستان کے درمیان تعاون ،  تاجکستان کےایوان صنعت و تجارت اور ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ  کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

 جمہوریہ تاجکستان کی حکومت اور پاکستان کے درمیان ہنگامی صورتحال میں روک تھام  و لیکوڈیشن  کے شعبہ میں تعاون، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان فن و ثقاقت کے شعبہ میں تعاون ، انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹیشن کے شعبہ میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ ایوان صنعت و تجارت لاہور اور جمہوریہ تاجکستان کے ایوان  صنعت و تجارت ، تاجکستان کے ادارہ برائے انسداد بدعنوانی و سٹیٹ فنانشل کنٹرول اور پاکستان کے قومی احتساب بیورو کے درمیان تعاون ، تاجک انسٹیٹیوٹ آف لینگوئجز دوشنبے  اور نیشنل یونیورسٹی ماڈرن لینگوئجز(نمل ) کے درمیان تعاون اور تاجکستان کے ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کے علاوہ خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام اور علاقائی یکجہتی و رابطے کے لئے تزویراتی شراکتداری کے قیام کے سلسلہ میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے گئے۔