ڈی آئی جی  ہزارہ ریجن میرویس نیاز  کا دورہ  بٹگرام ، پولیس کانفرنس ہال اور پولیس آفیسر کلب کا افتتاح کیا

29

بٹگرام، 02 جون(اے پی پی ):ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز  نے   بٹگرام کا دورہ  کیا  ، دورے کے موقع پر بٹگرام پولیس کانفرنس ہال اور پولیس آفیسر کلب کا افتتاح کیا اور بٹگرام پولیس افسران کے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔

بٹگرام پولیس کانفرنس ہال اور پولیس آفیسر کلب  کی  افتتاحی تقریب سے خطاب  میں  ڈی پی او بٹگرام طارق محمود خان کو کانفرنس ہال اور پولیس آفیسر کلب کی تعمیر، آسائش و زیبائش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ڈی پی او طارق محمود خان نے اپنی تعیناتی کے بعد بہت ہی کم عرصہ میں بٹگرام پولیس میں بہترین اصلاحات لانے، پولیس کے مورال کو بلند کرنے اور دیگر اہم کام کیئے ہیں جو کہ قابل ستائش و قابل تحسین ہیں اسی طرح مزید بھی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس جوانوں کی پیشہ وارنہ ضروریات کو پورا کیا جائے تاکہ پولیس جوان محنت اور لگن سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے بٹگرام پولیس کانفرنس ہال میں منعقدہ بٹگرام پولیس کے افسران کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ ڈی پی او بٹگرام نے ڈی آئی جی ہزارہ کو بٹگرام میں لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال اور پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ پیش کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی سٹاف تمام اہم مقدمات میں تمام تر وسائل  استعمال کرتے ہوئے ان مقدمات میں ملوث مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔۔ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور دیگر جرائم میں ملوث گروہوں کیخلاف بھی عملی اقدامات اٹھائے جائے۔ عوام کو تھانہ سطح پر ہر ممکنہ قانونی مدد اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر مزید اعتماد بحال ہوسکے۔

 ڈی آئی جی ہزارہ نے دورہ کے موقع پر بٹگرام کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہزارہ پولیس میں مزید اصلاحات لانے اور دوران ڈیوٹی انکو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  ڈی پی او  کا ٹریفک کے حوالے سے اچھا تجربہ ہے انکو ہدایت کر دی ہے کہ یہ ڈی سی بٹگرام و دیگر محکمہ کے تعاون سے بٹگرام سے تجاوزات کا خاتمہ کریں اس میں میڈیا نمائندگان بھی پولیس کی مدد کریں تاکہ بٹگرام کی عوام کیساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوسکے، جرائم پیشہ افراد کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، میڈیا ایسے گروہوں اور لوگوں کی نشاندھی کریں پولیس اپنی جانچ پڑتال کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے بٹگرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسران اور جوانوں میں توصیفی اسناد و نقد انعامات بھی تقسیم کیئے اور انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بٹگرام پولیس کے افسران اور جوان  اپنے پیشہ ورانہ فرائض اچھے اندازے سے سرانجام دے رہے ہیں اور پورے صوبے میں اپنا ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔

قبل ازیں  پولیس لائن بٹگرام پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام طارق محمود خان و دیگر پولیس افسران و جوانوں نے ڈی آئی جی ہزارہ کا استقبال کیا۔