اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ علاقائی انضمام اور رابطہ کاری ہی معاشی ترقی اور نمو کی بنیاد ہیں، ای سی او پہلے ہی مختلف راہداریوں کے ذریعے ممالک کے درمیان ویزہ اور بارڈر کے نظام میں آسانی لاتے ہوئے مواصلات کو بہتر بنا رہی ہے۔ بدھ کو پارلیمانی اسمبلی برائے ای سی او کی جنرل کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہا اور اس موقع پر عالمی پارلیمانی سربراہان اور وفود کے رہنمائوں سے تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے سپیکر قومی اسمبلی کو مشکل حالات میں اس طرح کی فکر انگیز تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس عالمی وبا نے دنیا کو درپیش مسائل میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، اس وبا نے ہمیں یہ موقع بھی فراہم کیا ہے کے ہم اپنی تمام تر توانائیاں دنیا میں ایک پر امن اور منصفانہ نظام لانے پر صرف کر سکیں۔ کانفرنس میں انسانیت کو درپیش ان تمام اہم امور کا احاطہ کیا گیا ہے جن کیلئے مجموعی حکمت کی ضرورت پڑتی ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ اس طرح کی کاوش پاکستانی عوام کی جمہوری سوچ کی عکاس ہیں، ایسے وقت میں ہمیں اپنے اتحاد اور تنوع کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی طریقہ کار کے ذریعے بین الاپارلیمانی رشتوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ دنیا کو جامعیت، صنفی مساوات، موسمیاتی تبدیلی، غربت میں کمی، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مشکلات اور خاص طور پر حالیہ عالمی وبا جیسے مسائل کا سامنا ہے جن کا مقابلہ صرف مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ علاقائی انضمام اور رابطہ کاری ہی معاشی ترقی اور نمو کی بنیاد ہیں۔ ای سی او پہلے ہی مختلف راہداریوں کے ذریعے ممالک کے درمیان ویزہ اور بارڈر کے نظام میں آسانی لاتے ہوئے مواصلات کو بہتر بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا یقین ہے ہم مستقبل قریب میں تمام ممبر ممالک کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی اور تجارت کو مزید فروغ دے پائیں گے، ہمیں اپنے تجارتی نظام کو مزید متنوع کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری تعلقات میں مزید اضافہ کرنا ہوگا۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہماری ان کاوشوں سے عوام کی معاشرتی حالت میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا یقین ہے کہ بم بین ال پارلیمانی رابطوں سے خطے کو ترقی کی نئی اونچائی تک لے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے آخر میں تمام شریک ممالک کے عوام کو محبت اور دوستی کا پیغام دیا اور مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔ عشائیہ میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے شرکا کو شیلڈز بھی پیش کیں۔