پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کا ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں؛آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈا کٹر ثناءاللہ عباسی

23

پشاور، 3جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کا ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ وہ یکسوئی اور دلجمعی کے ساتھ ادارے کی مضبوطی کے لیے فرائض سرانجام دے سکیں۔

یہ بات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور کے نئے تعمیرشدہ بلاک کے افتتاح کے موقع پر تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں فرائض سرانجام دینے والے اعلیٰ پولیس حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 نئے تعمیرشدہ بلاک کے افتتاح سے پورے سنٹرل پولیس آفس کی تعمیر کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی کو نقشوں اور چارٹوں کی مدد سے نئے تعمیر شدہ بلاک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں آئی جی پی نئے تعمیر شدہ بلڈنگ کے مختلف حصوں میں گئے جہاں انہوں نے تعمیراتی کام اور دفاتر میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔

آئی جی پی نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی افرادی قوت کی محنت شاقہ کی مرہون منت ہوتی ہے۔ اور امید ظاہر کی کہ نیا تعمیر شدہ سنٹرل پولیس آفس خیبر پختونخوا پولیس کے لیے کامیابیوں اور کامرانیوں کے حوالے سے بابرکت اور یادگار ثابت ہوگا۔

قبل ازیں آئی جی پی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے سنٹرل پولیس آفس کے نئے تعمیر شدہ بلاک کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ملک کی یکجہتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا بھی مانگی گئی۔