وانا، 04 جون (اے پی پی ): وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک افواج نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے ،قبائلی عوام نے افواج پاکستان کیساتھ ملکر علاقے میں پائیدار امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی وزیرستان سکاوٹس کیمپ وانا میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی ایف سی کے پی ساؤتھ میجر جنرل محمد عمر بشیر بھی جرگے میں موجود تھے ۔ جرگہ آمد پر عمائدین نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور روائتی پگڑی پیش کی ۔
عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قبائلی عوام کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایک بہادر اور غیور قوم کے لیڈران ہیں،پاکستان دشمنوں کو مٹانے میں آپ کا کردار قابل فخر ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جرگے کی روایت کا حامی ہوں،اس علاقے کو اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے،جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے،اسے علاقے میں مروج ہونا چاہئے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ساوتھ وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے، پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگے۔
عمائدین نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کو قیام امن اور علاقائی ترقی کے حوالے سے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور وزیر داخلہ کو علاقائی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔
۔