ضلع ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا

27

ملتان، 5جون(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلع ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے، مہم کا افتتاح اولڈ  ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر کیا گیا ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے  کہا کہ ایک باوقار قوم ہونے کے ناطے وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ناگزیر ہے، مارچ میں لئے گئے ملتان کے تینوں سیوریج ڈسپوزل کے پولیو وائرس بارے سیمپل ٹیسٹ نیگیٹیو آئے ہیں ۔انہوں  نے کہا کہ سیوریج سیمپل کا پولیو وائرس فری ہونا پولیو مہم کی کامیابی  کی دلیل ہے،ان شاء اللہ بہت جلد پاکستان پولیو سے پاک ہو جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد  نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ، والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائیں ۔انہوں  نے کہا کہ  پولیو مہم کی بھر پور مانیٹرنگ کی جائے گی، محکمہ صحت کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی مہم کو مانیٹر کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا مہم کے دوران دن کے اختتام پر خود ٹیموں کی پراگریس چیک کرونگا اور پولیو مہم کے دوران  پانچ سال سے کم عمر کے7لاکھ58 ہزار بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی،ایم ایس ڈاکٹر امجد راو اور ڈی ایچ او ڈاکٹرمحمد علی مہدی بھی اس  موقع پر موجود تھے۔