چاغی: ضلع بھرمیںکل سے  شروع ہونے والے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا

20

چاغی،05 جون (اے پی پی ): ضلع   بھر میں  کل  سے   شروع ہونے والے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کہور بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر دالبندین جاوید ڈومکی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ کے حکام بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان نے اپنے پیغام میں بتایا کہ پولیو سے نجات کا واحد راستہ پولیو کے خلاف ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ملک کو پولیو سے پاک کرنا ہوگا تاکہ ہماری نسلیں عمر بھر کی معذوری سے بچا سکیں۔

 ڈی ایچ او ڈاکٹر کہور بلوچ کے مطابق پولیو کے خلاف مہم کے دوران 47421 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 273 ٹیمیں، 57 ایریا انچارج، 15 ٹرانزٹ اور 25 فکس سینٹرز قائم کیے گئے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔