اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سی ڈی اے میڈیکل سنٹر قذافی چوک جی نائن مرکز اسلام آباد میں کورونا وائرس ویکسینیشن مرکز کا افتتاح کردیا۔ مرکز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے بروقت فیصلوں سے اسلام آباد کو کورونا وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں ویکسینیشن کا عمل بہتر ہےکیونکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد آگاہی کے بعد ویکسینیشن مراکز کا دورہ کررہی ہیں۔ ویکسین کی آسانی سے فراہمی کو یقینی بنانے پر این سی او سی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بھارت کے مقابلے میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا، بھارت میں نوٹسز ظاہر کیے گئے تھے کہ کئی شہروں میں سات دن تک کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین کھل کر دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ سینوفرم ویکسین دنیا میں دستیاب بہترین ٹیکوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر چینی حکومت کو سلام پیش کر تے ہیں ۔سعودی عرب اور یورپ میں سینوفرم ویکسین کی منظوری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ وہ متعلقہ ممالک کے رہنماؤں سے ذاتی طور پر بات کریں گے۔ایک سیاسی سوال کے جواب میں شیخ رشید احمدنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایسی نااہل اور سست اپوزیشن ملی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رواں ماہ وفاقی بجٹ کا اعلان کرنے جارہی ہے اور انہیں امید ہے کہ ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے حکومت کو دھوکہ دیا اور جعلی میڈیکل رپورٹس پر بیرون ملک چلے گئے لیکن حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روک دیا اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا ہے.انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں شامل کوئی بھی 15دن کے اندر فیصلے کو چیلنج کر سکتا ہے تاہم شہباز شریف نے وزارت داخلہ کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ بجٹ اجلاس میں حکومت کی حمایت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے ایگل اسکواڈ کے ذریعے اسلام آباد کے اسٹریٹ کرائم پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو سیف زون بنانے کے لئے سیف سٹی پروجیکٹ کے ساتھ 150 موبائل ایگل اسکواڈ شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دستے سیف سٹی کی مدد سے شہر پر نظر رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال ایگل دستوں کے پاس صرف چار موبائل وین ہیں جبکہ آئندہ بجٹ میں جلد ہی مزید 16 وین شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اپنی صلاحیت اور کام بہتر بنانے کے لئے مضبوط کیا جارہا ہے۔











