ملتان، 07 جون(اے پی پی ): وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہاہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کےلئے پنجاب حکومت نے ”کلین اینڈ گرین انرجی“ کے تحت صوبے بھر کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کےلئے عملی اقدامات کا آغازکردیا ہے ۔
یہ بات انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ چلڈرن ہسپتال ملتان میں سولر توانائی کے ایک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے اور نشتر ہسپتال ملتان میں سولر توانائی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرتوانائی نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کی اصل وجہ ماضی کے حکمران ہیں جنہوں نے اپنے کمیشن کی خاطر مہنگی بجلی کے معاہدے کئے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وراثت میں ملے معاہدوں کو ختم نہیں کرسکتے البتہ مستقبل میں سستی بجلی کی فراہمی کے لئے بہترین منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔
صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے چلڈرن ہسپتال میں 450کلو واٹ سولر پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پرساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ جولائی کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ہسپتال کو بجلی کے بل کی مد میں سالانہ 1کروڑ 75لاکھ روپے بچت ہوگی ۔
بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ہسپتال اور یونیورسٹی کی بجلی بچانے والے آلات پر منتقلی (ریٹروفٹنگ)کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ ا س منصوبے پر 4کروڑ 60لاکھ روپے لا گت آئی ہے جبکہ اس سے بجلی کے بل کی مد میں سالانہ ساڑھے تین کروڑ روپے کی بچت ہوگی،انہوں نے کہا کہ بہت جلد نشتر ہسپتال میں 2میگا واٹ کا سولر پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جس سے بل کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سارے بنیادی مراکز صحت اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے جبکہ اب تک 11ہزار سے زائد سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جاچکا ہے جہاں 11لاکھ سے زائد زیر تعلیم بچے اس سے مستفید ہورہے ہیں اور اسی طرح پنجاب بھر کی 23یونیورسٹیوں میں بھی سولر انرجی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے فیز میں سرکاری دفاتر اور صوبے بھر کے 20سے زائد مزارات پر بھی بجلی کے نظام کو سولر انرجی پر شفٹ کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ بزدار حکومت لوگوں کے مسائل حل کرنے کےلئے کوشاں ہے اور مہنگی بجلی جیسے چیلنج سے نمٹنے کےلئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سستی سولر انرجی کو فروغ دیا جارہا ہے ۔
اس موقع پر وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔











