ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سے  ماحول بہتر  اور مگس بانی جیسے شعبوں کے فروغ   میں  مدد ملے گی؛ ڈاکٹر عارف علوی

23

اسلام آباد،7جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سے جہاں ماحول بہتر ہو گا وہاں مگس بانی جیسے شعبوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی، شہد کی برآمدات بڑھانے کے لئے معیاری پیداوار، بہترین مارکیٹنگ حکمت عملی اور تصدیقی عمل اپنانا ضروری ہے

۔ وہ پیر کو یہاں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ملک میں دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ ملک امین اسلم نے اجلاس کو مگس بانی کے شعبے کی ترقی، قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

 صدر مملکت نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں مگس بانی کے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت موجود ہے، اس شعبے کو مضبوط بنانے اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ شہد کی پیداوار بڑھانے اور مکھیوں کی حفاظت کیلئے ماحول بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دس ارب ٹری سونامی منصوبہ ملکی ماحول سازگار بنانے کے ساتھ ساتھ معیاری شہد کی پیداوار بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا، شہد کی پیداوار بڑھانے کیلئے مگس بانی کے جدید آلات استعمال کرنے اور مگس بانوں کی جدید خطوط پر تربیت کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہد کی برآمدات بڑھانے کے لئے بہترین مارکیٹنگ حکمت عملی اور تصدیقی عمل اپنانا ضروری ہے۔

زرعی بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر متعلقہ سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔