احمدپورشرقیہ؛ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا کا گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ ، تدریسی سرگرمیوں سمیت سکول میں موجود ویکسینیشن سینٹر کا جائزہ لیا

53

احمدپورشرقیہ،09جون(اے پی پی):کورونا کیسز میں کمی کے باعث تعلیمی اداروں میں دوبارہ سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغازہو گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا اور   تدریسی سرگرمیوں سمیت سکول میں موجود ویکسینیشن سنٹر کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، موجودہ حکومت میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہونے والے بچوں کے تعلیمی نقصان کو کم کرنے کےلئے اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے سکول طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے دریافت کیا۔ اس موقع پر طالبات اور اساتذہ نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور درس و تدریس کے عوامل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ محنت، جوش و جذبہ اور شوق ولگن سے تعلیم حاصل کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے سکول میں صفائی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ادارہ میں صفائی کے انتظامات میں بہتری لائی جائے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹر کا معائنہ کیا اور لوگوں کو ویکسینیشن کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویکسینیشن کے لئے آئے ہوئے افراد سے ملاقات کی اور ان سے کورونا ویکسینیشن کے حوالہ سے دریافت کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم ظہور احمد چوہان، پرنسپل ادارہ، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے انتظامی افسران موجود تھے۔