جلالپورپیروالا ،09 جون (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر جلال پورپیروالہ میں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر کی سربراہی میں سرکاری اداروں کے سربراہان سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں عوام کو کووڈ ویکسینیشن سے متعلق آگاہی دینے اور تحفظات دور کرنے کے لئے حکمت عملی اختیار کی گئی ۔
میٹنگ کے شرکاء کو ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی چن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحصیل جلال پور میں ویکسینیشن کے لیے 3 سنٹر قائم کیے گئے پر عوام کو کووڈ ویکسینیشن سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ویکسین بارے شدید تحفظات ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے تمام اداروں کو مل کر حکمت اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز ہرل نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اورحکومت پنجاب کی جانب سے مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کووڈ 19 ویکسینیشن کے کوئی نقصان دہ نتائج نہیں ہیں بلکہ ایک صحت مند زندگی کے لئے اور اس وباء سے نجات حاصل کرنے کے لئے ویکسینیشن بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کے تحت ایک غلط تاثر چھوڑا گیا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ جلد از جلد کووڈ ویکسینیشن کروائیں تاکہ زندگی دوبارہ معمول پر آجائے بصورت ديگر ہمیں دوبارہ پابندیوں اور سختیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ گورنمنٹ ملازمین کے لئے بھی حکومت پنجاب کی جانب سے سخت ہدایات ہیں کہ وہ جلد از جلد ویکسینیشن کرائیں اگر ویکسینیشن نہ کرائی گئی تو سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روک لی جائیں گی، اسی طرح دکاندار تاجر برادری سے بھی اپیل ہے کہ وہ ویکسینیشن کرائیں جو بھی دکاندار ویکسینیشن نہیں کروائے گا اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا ،میڈیا نمائندگان، محکمہ سول ڈیفنس، ڈاکٹرز، اور تعلیمی اداروں کے افسران و دیگر ملازمین لوگوں میں کووڈ 19 ویکسینیشن سے متعلق آگاہی دیں تاکہ لوگوں کے تحفظات دور ہوں اور وہ ویکسینیشن کے لئے رضا مند ہوں ۔
میٹنگ میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پیر مصلح الدین شاہ، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر احسان باری، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خالد حسین بھٹہ، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر سارہ حامد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر غلام تقی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد عزیز، پرنسپل جلال پور پبلک سکول ریحان محسن، میڈیا نمائندگان سمیت دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔