اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےپاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر تپس ادھیکاری نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کےدوران دو طرفہ تعلقات ،سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے مابین گہرے دیرینہ تعلقات ہیں۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے باعث نیپال میں ہونیوالے جانی نقصان پر نیپالی سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے، نیپال حکومت کی جانب سے کیے گئے موثر اقدامات قابل ستائش ہیں۔وزیر خارجہ نے کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے نیپال میں پھنسے ہوئے، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت پر نیپالی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے، نیپالی سفیر کو، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نیپال کا منصب سنبھالنے پر راغبیر مہاسیت کیلئے مبارکباد کا پیغام دیا ۔نیپالی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔