ملتان، 11جون(اے پی پی): کورونا ویکسی نیشن بارے حکومت پنجاب کے دئیے گئے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے انتظامیہ سرگرم عمل ہو گئی ہے، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تمام سرکاری ملازمین کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنرنے محکمہ صحت سے کورونا ویکسی نیششن ٹیموں کی فہرست طلب کرلی ہے اور تمام ویکسی نیشن ٹیموں کا روزانہ کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے،جس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی ویکسی نیشن نہیں ہوگی،اس کا ذمہ دار متعلقہ افسر ہو گا اور ملازمین کی ویکسی نیشن میں تساہل برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
علی شہزاد نے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ اور جیل خانہ جات کے تمام ملازمین کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے،بڑے صنعتی اداروں کے ورکرز کی ویکسی نیشن کے لئے مالکان سے رابطہ کیا جائے اور ویکسی نیشن مہم کامیاب بنانے کے لئے منتخب عوامی نمائندوں اور علمائے کرام کی مدد لی جائے اور دینی مداراس میں زیر تعلیم طلباء کی ویکسی نیشن کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری کورونا ویکسی نیشن بارے گمراہ کن پراپیگنڈہ پر کان نہ دھریں،ویکسیسن ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی اور عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے کورونا وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،رانا اخلاق احمد خان اور محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی اور ڈاکٹر محمد علی مہدی نے شرکت کی۔