دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان اور افغانستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ؛ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو

17

کوئٹہ،14جون(اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا ہے  کہ ہمارے لوگ دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں، ہم عالمی دہشتگردوں کیخلاف جنگ لڑرہے ہیں اور عالمی جنگ میں پاکستان اور افغانستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔

آئی جی آفس کوئٹہ میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشرہ رند اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے کے ہمراہ  مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے پولیس کو ڈیجیٹلائز کرنے کا بیڑا سونپا ہے۔

 صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بشرہ رند نے کہا کہ بلوچستان بھر میں سمارٹ پولیس اسٹیشن بنیں گے اور پہلی دفعہ صوبے میں خواتین کے لئے مخصوص پولیس اسٹیشن قائم کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے نے کہا کہ بلوچستان کے تمام کرائم کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے جبکہ پولیس اسٹیشن ریکارڈ بھی ڈیٹا سینٹر میں جمع ہورہا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ 75 کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی کی جارہی ہے اب تک کرمنل ریکارڈ کی مدد سے 25 اشتہاری سمیت 150 جرائم پیشہ افراد پکڑئے گئے ہیں اور اب شہر میں ڈیجیٹل ایف آئی آر کا نظام نافذ کردیا گیا ہے اور اب یہاں بیٹھ کے آئی جی پورے بلوچستان میں پولیس کی کارکردگی کو مانیٹر کرسکتا ہے، ان اقدامات سے پولیس کیخلاف شکایات میں نمایا کمی آئی گئی۔

 آئی جی پولیس محمد طاہر رائے نے کہا کہ دو ماہ میں 14 دہشتگرد مارے گئے ہیں، اب دہشتگرد اپنے آپ کو بچانے کی آخری کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دہشتگردی کیخلاف جامع آپریشن شروع کریں گے جبکہ پچھلے دنوں کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کا گھوج لگا لیا گیا ہے۔