کراچی ،6 جون (اے پی پی) : جوائنٹ اپوزیشن نے سندھ اسمبلی میں بجٹ کے خلاف منگل کو احتجاج کیا اور ریلی کی صورت میں اسمبلی گیٹ پہنچے۔ اس موقع پراپوزیشن کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ یہ بجٹ بھی اومنی کے منشی پیش کریں گے،یونس میمن کو نوازنے کے لیے بجٹ بڑھایا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ کے بجٹ میں عوام کو کوئی رلیف نہیں ،یہ بجٹ صرف اعداد کا ہیر پھیر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اور دیگرجوائنٹ اپوزیشن کی جماعتوں کے اراکین سندھ اسمبلی نے بجٹ سیشن سے قبل سندھ اسمبلی کے مین گیٹ کے سامنے زبردست احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ” سارا بجٹ کھا گئے،کراچی کو کچراکنڈی بناگئے”، ”خالی ڈبوں کی پکار، پانی دو ایک بار”، ”گو کرپشن گو” اور دیگر نعرے درج تھے۔